پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہونے والی تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 12 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 14 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 13 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ واقعات پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم کے مختلف علاقوں میں پیش آئے۔
ادارے کے مطابق پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین تک جلد از جلد امدادی سامان پہنچانے، امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوامیں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم تیز بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسی پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی یا دیگر معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





