نوشہرہ میں صوبائی امن جرگہ کے وائس چیئرمین اعجاز خان فائرنگ میں جاں بحق

نوشہرہ: صوبائی امن جرگہ کے وائس چیئرمین اعجاز خان نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق اعجاز خان اپنے گھر سے نوشہرہ کی جانب جا رہے تھے کہ کنڈرکے کے قریب گھات لگائے مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اعجاز خان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : تیز بارشیں اور فلش فلڈ، خیبرپختونخوا میں 12 افراد جاں بحق، 14 زخمی

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

اعجاز خان کے قتل کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی، جبکہ مقامی افراد نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Scroll to Top