ملک بھر میں موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز مہنگے ہوگئے

موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز مہنگے ہوگئے،صارفین کیلئے بری خبر

اسلام آباد: ملک بھر میں ٹیلی کام کمپنیوں نے موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مختلف موبائل کمپنیوں کے نئے ٹیرف اور پیکجز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے 15 ہائبرڈ اور صرف ڈیٹا پیکجز کے نرخوں میں 33 فیصد تک اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کے تحت ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز میں 500 روپے تک، 15 روزہ پیکجز میں 300 روپے تک اور ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز میں 130 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح تین روزہ موبائل پیکجز کی قیمتوں میں 21 روپے، دو روزہ پیکجز میں 20 روپے جبکہ ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 5 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت اور آگاہی کے لیے ویب سائٹ کا متعلقہ سیکشن مزید بہتر بنا دیا گیا ہےجہاں تمام 15 ہائبرڈ اور صرف ڈیٹا پیکجز کی مکمل ٹیرف شیٹس جاری کر دی گئی ہیں۔ ان نئی ٹیرف شیٹس میں مختلف موبائل کمپنیوں کے موجودہ پیکجز، قیمتوں، مدت اور سہولیات کی مکمل تفصیلات فراہم کی گئی ہیں تاکہ صارفین مختلف کمپنیوں کے پیکجز کا آسانی سے تقابلی جائزہ لے سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : دوسروں کو موبائل سم دینا قابلِ سزا جرم، پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کردیا

پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کے مفادات کا تحفظ اس کی اولین ترجیح ہے۔

Scroll to Top