انجریز سے مسلسل تنگ آکر نگلینڈ کے 25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر کا کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلا ن کردیا ۔
لندن : انگلش کرکٹ سے ایک اور حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں انگلینڈ کے 25 سالہ ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر جان ٹرنر نے مسلسل انجریز سے تنگ آ کر صرف 25 سال کی عمر میں پروفیشنل کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے اپنے 5 سالہ کیریئر کا اختتام کر دیا ہے۔
جان ٹرنر نے سال 2024ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے 2 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں نمائندگی کی تھی، تاہم، وہ گزشتہ سال جون سے کمر میں اسٹریس فریکچر کی سنگین چوٹ کے باعث کسی بھی کھیل میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
معاشیات کے گریجویٹ جان ٹرنر کے ہیمپشائر کاؤنٹی کے ساتھ معاہدے کی ابھی 2 سال کی مدت باقی تھی، جبکہ گزشتہ سال کے آخر تک ان کے پاس انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا انگلینڈ ڈیولپمنٹ کنٹریکٹ بھی موجود تھا، اس سب کے باوجود انہوں نے کھیل کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی 20 ویمنز ایشیا کپ کا شیڈول جاری ، پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ کا اعلان
اپنے جذباتی بیان میں جان ٹرنر نے کہا کہ مسلسل انجریز اور خاص طور پر ایک سال سے زائد عرصے تک کرکٹ سے دور رکھنے والے کمر کے فریکچر نے انہیں اپنے مستقبل اور کرکٹ سے ہٹ کر زندگی پر غور کرنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور ہیمپشائر کی نمائندگی کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا جو پورا ہوا، لیکن اب زندگی کے اگلے چیلنجز کی طرف بڑھنے کا یہی درست وقت ہے، انہوں نے اس فیصلے کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل ترین فیصلہ بھی قرار دیا۔





