10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ، آپ بھی لے سکتے ہیں؟ طریقہ جانیں

پنجاب حکومت نے شہریوں کو گھروں کی مرمت اور توسیع میں سہولت فراہم کرنے کے لیے “اپنی چھت، محفوظ چھت” پروگرام 2026 کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت 5 سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

حکومتی منصوبے کے مطابق یہ قرضے دو مختلف کیٹیگریز میں دیے جائیں گے۔ پہلی کیٹیگری میں وہ شہری شامل ہیں جو اپنے موجودہ گھروں کی مرمت یا انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

ایسے افراد کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی واپسی 9 سال کے عرصے میں ماہانہ 4 ہزار 700 روپے کی قسطوں کی صورت میں کرنا ہوگی۔

دوسری کیٹیگری میں وہ شہری شامل ہیں جو اپنے گھروں کی توسیع یا دوسری منزل کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا، جس کی واپسی کی مدت بھی 9 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ ماہانہ قسط 9 ہزار 300 روپے ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : اب الیکٹرک گاڑی خریدنا ہوگا آسان، حکومت کی نئی اسکیم سامنے آگئی

حکومت کے مطابق اس اسکیم کا مقصد شہریوں کو اپنے موجودہ گھروں کو بہتر بنانے، رہائشی سہولیات میں اضافہ کرنے اور محفوظ رہائش فراہم کرنے میں مدد دینا ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ

اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند شہری آن لائن پورٹل acag.punjab.gov.pk کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جس کے لیے ضروری معلومات اور دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔

حکام کے مطابق وہ افراد جو کمپیوٹر یا آن لائن سہولت استعمال نہیں کر سکتے، وہ ہاتھ سے لکھی درخواستیں بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

ایسی درخواستیں ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے دفاتر میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

Scroll to Top