پشاور کے تھانہ کوتوالی کی حدود میں مبینہ طورپرپولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ٹک ٹاکر اور منشیات فروش اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیاجبکہ کارروائی کے دوران رائیڈر اسکواد کا ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق تھانہ کوتوالی کی حدود میں سنیچنگ (راہزنی) کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے ان پر جان سے مارنے کی نیت سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان کی فائرنگ سے رائیڈر اسکواد کا پولیس اہلکار حیدر علی شاہ زخمی ہو گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش، گنڈہ گیر اور راہزن ماصل عرف ماصلے (ولد شیر بہادر، سکنہ قاضی خیلان) اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ماصل عرف ماصلے پولیس کو منشیات فروشی، چائلڈ پروٹیکشن، اور آرمز ایکٹ سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
یہ بھی پڑھیں : دیر لوئر: لعل قلعہ میں زیر تعمیر کمرے کی چھت گر گئی، 1 شخص جاں بحق،1 شدید زخمی
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے بعد موقع سے فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔





