ایزی پیسہ نے آن لائن مالیاتی فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اپنے لاکھوں صارفین کے لیے اہم سیکیورٹی ہدایات جاری کر دی ہیں جن میں حساس معلومات کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔
ایزی پیسہ کی آفیشل ویب سائٹ اورفراڈ اویرنس صفحے پر جاری کردہ معلومات کے مطابق کمپنی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے صارفین سے کبھی بھی فون کال، SMS یا کسی دیگر ذریعے سے OTP، PIN یا Passcode نہیں مانگتی۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کوئی شخص خود کو ایزی پیسہ، بینک یا کسی مالیاتی ادارے کا نمائندہ ظاہر کر کے ایسی معلومات مانگے تو اسے فوری طور پر فراڈ کی کوشش سمجھا جائے، کال منقطع کر دی جائے اور اس کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 3737 پر دی جائے۔
سیکیورٹی ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ ایزی پیسہ موبائل اکاؤنٹ کا 5 ہندسوں کا خفیہ PIN اکاؤنٹ کی حفاظت کے لیے بنیادی عنصر ہے۔ صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ایسا PIN منتخب نہ کریں جس کا آسانی سے اندازہ لگایا جا سکے؛ یعنی PIN مسلسل اعداد کی ترتیب میں نہ ہو اور اس میں 3 سے زائد ایک جیسے ہندسے بار بار استعمال نہ کیے گئے ہوں۔ایپ ٹرانزیکشنز جدید انکرپشن تکنیک سے محفوظ ہوتی ہیں اور اکاؤنٹ میں فون اور PIN پر مبنی دو سطحی سیکیورٹی (Two-factor authentication) موجود ہوتی ہے۔
کمپنی کے مطابق، اگر کسی صارف کا موبائل فون یا رجسٹرڈ SIM گم یا چوری ہو جائے، تو اسے فوری طور پر متعلقہ موبائل آپریٹر کو اطلاع دے کر SIM بلاک کروانی چاہیے اور ایزی پیسہ انتظامیہ سے رابطہ کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : ایزی پیسہ صارفین کے لیے اہم خبر، مختلف ٹرانزیکشنز پر سروس چارجز کی تفصیلات سامنے آگئیں
اس کے علاوہ، سیکیورٹی اقدام کے طور پر اگر کسی اکاؤنٹ میں 90 دن تک کوئی سرگرمی نہ ہو تو اسے ڈورمنٹ (Dormant) کر دیا جاتا ہے۔ کسی بھی غیر مجاز یا مشکوک ٹرانزیکشن کی صورت میں صارفین کو بلا تاخیر ایزی پیسہ کے آفیشل شکایتی نظام یا ہیلپ لائن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





