ہنگو واقعہ افسوسناک، امن کے محافظوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شفیع جان

پشاور: صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی دیار خان سمیت 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے میں ڈی ایس پی اور پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے پولیس جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شفیع جان نے کہا کہ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ایک انتہائی بزدلانہ فعل ہے، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو حملہ: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا نوٹس، شہداء کو خراجِ عقیدت، آئی جی سے رپورٹ طلب

خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے امن کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Scroll to Top