سابق بس ڈرائیور کے گھر سے 28 کروڑ روپے نقد اور 15 کلو سونا برآمد، نوٹ گننے والی 5 مشینیں بھی جواب دے گئیں۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران سابق بس ڈرائیور مینار منڈل کے گھر سے 28 کروڑ روپے نقد اور 15 کلوگرام سونا برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق اتنی بڑی مقدار میں نقد رقم تھی کہ نوٹ گننے والی 5 مشینیں بھی مسلسل استعمال کے دوران کام کرنا چھوڑ گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مینار منڈل، پتھروں کے معروف تاجر تُلو منڈل کا قریبی رشتہ دار ہے، جسے سابق ترنمول کانگریس رہنما انوبرت منڈل کا قریبی ساتھی بھی قرار دیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے رات گئے چھاپہ مارا، جہاں ابتدائی کارروائی میں ساڑھے 5 کروڑ روپے نقد اور 15 کلو سونا برآمد ہوا۔ بعد ازاں مزید تفتیش اور گھر کی مکمل تلاشی کے دوران مجموعی برآمدگی بڑھ کر 28 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
پولیس نے کارروائی کے بعد مینار منڈل کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ پوچھ گچھ ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ برآمد ہونے والی نقد رقم اور سونا تُلو منڈل اور اس کے مبینہ غیر قانونی مافیا نیٹ ورک سے تعلق رکھتا ہے۔
پولیس کے مطابق مینار منڈل ماضی میں ریاستی ٹرانسپورٹ محکمے میں بس ڈرائیور کے طور پر خدمات انجام دیتا تھا، تاہم بعد میں پتھروں کے کاروبار سے وابستہ ہوگیا۔ حکام اس کی آمدنی کے ذرائع اور برآمد ہونے والے اثاثوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ادھر بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد ترنمول کانگریس کے مختلف دھڑوں کے درمیان الزامات کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے، جبکہ رہنماؤں نے معاملے میں تمام بااثر افراد کے کردار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب 2024 میں تُلو منڈل کی بیٹی کی شاہانہ شادی بھی دوبارہ موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس تقریب پر تقریباً 100 کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے، جس میں فلمی شخصیات سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔





