پشاور سے 20 لاکھ افراد نکلیں گے، شفیع جان نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کردیا

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس احتجاج کے بعد اب لانگ مارچ آخری آپشن رہ گیا ہے، جس کے لیے پشاور سے 20 لاکھ افراد کے ساتھ نکلنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ ان کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی، اسی وجہ سے احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کے اثرات ملک بھر میں نظر آئیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ گزشتہ 9 ماہ سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی بند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں، اسی لیے لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

شفیع جان کے مطابق 27 ستمبر تک تمام کارکنوں اور متعلقہ لوگوں کو متحد ہونا چاہیے، کیونکہ یہ تحریک بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ بحال کرنا ہوگا اور احتجاج قانون و آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن انداز میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ سکاؤٹس کے تعاون سے سلارزئی میں فری میڈیکل کیمپ، عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان بھی ان کے مؤقف سے متفق ہے اور 27 ستمبر کے لانگ مارچ میں شریک ہوگی۔ شفیع جان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور بھی ان کے ساتھ ہوں گے اور وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔

پیپلزپارٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے ایک سینئر رہنما نے ان کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔

ان کے مطابق اس معاملے پر مشاورت جاری ہے اور آج ہونے والے اجلاس میں بھی اس حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو آئینی عہدے چھوڑنے چاہییں کیونکہ ان کے ووٹ کی وجہ سے موجودہ حکومت قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے گزشتہ بجٹ میں بھی حکومت کا ساتھ دیا تھا، اس لیے اب انہیں ان تمام معاملات سے باہر آنا ہوگا۔

Scroll to Top