باجوڑ سکاؤٹس کے تعاون سے سلارزئی میں فری میڈیکل کیمپ، عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم

محمد عباس

باجوڑ: باجوڑ سکاؤٹس اور ایڈ انٹرنیشنل کے تعاون سے سلارزئی کے علاقے غاحی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں 800 سے زائد افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

نمائندہ خصوصی محمد عباس کے مطابق میڈیکل کیمپ میں مجموعی طور پر 876 افراد کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، جن میں 301 بچے، 320 خواتین اور 255 مرد شامل تھے۔

کیمپ میں غاحی، کوہی، گھونڈئی، تلی، چلارگام اور بٹملئی سمیت گردونواح کے علاقوں سے آنے والے مریضوں کا ماہر ڈاکٹروں نے معائنہ کیا۔ اس دوران جنرل میڈیسن، جنرل سرجری، امراضِ چشم، امراضِ نسواں، نفسیات اور فزیوتھراپی سمیت مختلف شعبوں میں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

مریضوں کو طبی معائنے کے ساتھ ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں، جبکہ طبی ماہرین کے مطابق ایسے مریض جنہیں مزید خصوصی علاج کی ضرورت تھی، انہیں مفت علاج اور ماہر ڈاکٹروں سے معائنے کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور ریفر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج 3 بجے طلب

اس موقع پر مقامی مشران اور عوام نے دور افتادہ علاقے میں مفت طبی سہولیات فراہم کرنے پر باجوڑ سکاؤٹس اور ایڈ انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے فلاحی اقدامات کے ذریعے غریب اور مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات میسر آتی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات سے عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان اعتماد اور محبت کا رشتہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ فلاحی منصوبوں میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے یہ اقدامات علاقے میں مثبت اثرات مرتب کر رہے ہیں۔

Scroll to Top