آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 21 نشستوں پر پولنگ کا عمل شروع ہو گیا۔
انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، جماعت اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔
مجموعی طور پر 8 لاکھ 90 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن کے لیے ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
مہاجرین جموں اور مہاجرین وادی کشمیر کی 6،6 نشستوں کے لیے راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، کراچی، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ جاری ہے۔
سکیورٹی کے پیش نظر مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
انتخابی عمل کو پُرامن بنانے کے لیے 4 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ووٹرز کے تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی کوئیک رسپانس فورس بھی الرٹ رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر مظفر آباد ڈویژن کے 9 حلقوں میں انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن اہم بیان جاری
پولنگ کا عمل مقررہ وقت تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی اور غیر سرکاری و سرکاری نتائج مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔





