کرکٹ ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر 17 سالہ نوجوان خاتون کرکٹر کی مبینہ خودکشی

ناگپور: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں 17 سالہ نوجوان خاتون کرکٹر ادیتی موریشور چوکانڈے مبینہ طور پر خودکشی کر گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے مسلسل کوشش کر رہی تھیں، تاہم سلیکشن نہ ہونے کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔

رپورٹس کے مطابق ادیتی گزشتہ دو برس سے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں شمولیت کے لیے سخت محنت اور باقاعدہ ٹریننگ کر رہی تھیں۔

ان کا تعلق مہاراشٹر کے شہر اکولا سے تھا، تاہم کرکٹ میں بہتر مستقبل کی امید کے ساتھ وہ اپنی والدہ کے ہمراہ ناگپور منتقل ہو گئی تھیں۔

ادیتی لکشمی نگر کے علاقے میں رہائش پذیر تھیں اور سرو کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہی تھیں تاکہ اپنے کھیل کو مزید نکھار سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : مجھے عہدہ یا اختیار نہیں، کام کرنے کی آزادی چاہیے، سابق کرکٹر یونس خان

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران ایک تحریری نوٹ بھی برآمد ہوا، جس میں نوجوان کرکٹر نے اپنی ذہنی پریشانی اور تکلیف کا ذکر کیا ہے۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتائج آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top