پشاور میں پولیس مقابلہ، دو اشتہاری ملزمان ہلاک، متعدد فرار

کاشف عزیز
پشاور: پشاور کے علاقے ریگی قبرستان کے قریب پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو اشتہاری ملزمان ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے کئی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی کے دوران دو اشتہاری ملزمان ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: فقیر آباد میں زبانی تکرار پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت اختیار اللہ اور نعمان عرف طورے کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، ایک 30 بور پستول اور دستی بم برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ فرار ہونے والوں میں اشتہاری ملزمان ملک عادل، عاقب، شیردل اور ان کے دو دیگر ساتھی شامل ہیں، جو فائرنگ کی آڑ میں فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان تہکال پولیس اسٹیشن پر حملے میں بھی مطلوب تھے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور کارروائیاں جاری ہیں۔

Scroll to Top