سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ، خریدار پریشان

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 1700 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 28 ہزار 436 روپے تک پہنچ گئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1457 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 67 ہزار 314 روپے ہوگئی۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں 24 قیراط فی تولہ چاندی 54 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 291 روپے فی تولہ پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 17 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 60 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں بڑی کمی، پاکستان میں فی تولہ سونا 3700 روپے سستا ہوگیا

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم نئے کاروباری روز کے آغاز پر قیمتوں نے دوبارہ اوپر کی جانب سفر شروع کر دیا۔

ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور بین الاقوامی اقتصادی حالات سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار غیر یقینی معاشی حالات میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں، جس کے باعث اس کی طلب بڑھتی ہے اور قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔

ماہرین نے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ سونے کی خرید و فروخت سے قبل مقامی اور عالمی مارکیٹ کے تازہ رجحانات پر نظر رکھیں، کیونکہ عالمی اقتصادی حالات میں معمولی تبدیلی بھی سونے کی قیمتوں پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔

Scroll to Top