پشاور ہائیکورٹ

پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، واپڈا ملازمین کو مفت بجلی فراہمی کا خاتمہ قانونی قرار

کاشف عزیز
پشاور ہائیکورٹ نے واپڈا ملازمین کو مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کرنے کے خلاف دائر کردہ تمام درخواستیں خارج کر دی ہیں۔

عدالت نے حکومت کی جانب سے مفت بجلی کا خاتمہ کر کے اس کے بدلے مانیٹری الاؤنس دینے کے فیصلے کو مکمل طور پر قانونی قرار دے دیا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں وضاحت کی کہ واپڈا ملازمین کو مفت بجلی یونٹس کی فراہمی ایک انتظامی رعایت تھی، جسے تبدیل کرنا حکومت کے اختیارات میں شامل ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اس سہولت کو ختم کر کے مالی معاوضہ دینے کا اقدام حکومت نے اپنے قانونی دائرہ اختیار کے اندر رہ کر کیا ہے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مفت بجلی یونٹس ملازمین کا کوئی مستقل یا اٹل قانونی حق نہیں تھا بلکہ یہ مخصوص حالات میں دی جانے والی ایک مراعات تھی۔ بدلتے ہوئے معاشی حالات، قومی مفاد اور انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر ایسی مراعات میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ مفت بجلی ختم کرنے کا اقدام پالیسی سازی کے دائرے میں آتا ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے متبادل کے طور پر مانیٹری الاؤنس دینے کا فیصلہ پالیسی کے تسلسل اور انتظامی بہتری کے لیے تھا جس میں ملازمین کے مفادات کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزارت اطلاعات و نشریات نے غیر ملکی میڈیا اور ان سے منسلک صحافیوں کےلیے نئی گائیڈ لائنز جاری کردی

عدالت نے درخواست گزاروں کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے مقدمہ ختم کر دیا۔

Scroll to Top