پی سی بی کا بڑا فیصلہ، مائیکل اسمتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے بیٹنگ کوچ کا اعلان کر دیا ہے۔ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مائیکل اسمتھ کو دو سال کے لیے پاکستان مینز ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے مائیکل اسمتھ کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ پاکستان کی ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں ٹیموں کے ساتھ کام کریں گے۔ نئے بیٹنگ کوچ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کو جوائن کریں گے، جس کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ اس وقت بولنگ کوچ کی ذمہ داری عمر گل انجام دے رہے ہیں، تاہم بیٹنگ کوچ کا مستقل عہدہ کافی عرصے سے خالی تھا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق بطور سلیکٹر بعض مواقع پر بیٹنگ سے متعلق رہنمائی فراہم کرتے رہے، لیکن اب بیٹنگ شعبے کی مکمل ذمہ داری مائیکل اسمتھ کو سونپ دی گئی ہے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل تنقید کی زد میں ہے، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں بلے بازوں کی کارکردگی نے ٹیم انتظامیہ کے لیے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی پاکستان مضبوط پوزیشن برقرار نہ رکھ سکا، جہاں 244 رنز پر صرف 3 وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم نے اپنی آخری سات وکٹیں صرف 38 رنز کے اضافے پر گنوا دیں، جبکہ 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ شہدائے پولیس پر وزیراعظم کا اہم پیغام، شہداء کے خاندانوں کے لیے بڑا اعلان

اعداد و شمار بھی قومی ٹیم کی بیٹنگ مشکلات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ 2025 کے آغاز سے پاکستان کے آخری چار بلے بازوں کی فی وکٹ اوسط صرف 9.91 رنز رہی، جو اس عرصے میں ٹیسٹ کھیلنے والی تمام ٹیموں میں سب سے کم اوسط ہے۔

دوسری جانب پاکستانی بولرز بھی مخالف ٹیموں کے نچلے نمبروں کے بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرنے میں مشکلات کا شکار رہے ہیں، جس کے باعث ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کو مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔

کرکٹ حلقوں میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مائیکل اسمتھ کی تقرری سے قومی بیٹنگ لائن میں بہتری آئے گی اور ٹیم اپنی حالیہ کمزوریوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوگی۔

مائیکل اسمتھ کا کرکٹ کیریئر

مائیکل اسمتھ نے جنوبی افریقا کی نمائندگی کرتے ہوئے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 7 ہزار 29 رنز بنائے۔ ان کے کیریئر میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

وہ تین ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بھی رہ چکے ہیں، جبکہ ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

Scroll to Top