ایبٹ آباد بورڈ نے بھی میٹرک نتائج جاری کر دیے

پشاور: خیبرپختونخوا کے تعلیمی بورڈز ایبٹ آباد اور پشاور نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ دونوں بورڈز میں طالبات نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ پوزیشنز اپنے نام کیں۔

ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے مطابق میٹرک سالانہ امتحانات میں 72 ہزار 364 امیدواروں نے شرکت کی، جبکہ دسویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 80 فیصد رہا۔

بورڈ کے مطابق عائشہ زیب نے 1167 نمبرز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، فاطمہ جدون 1163 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ اسوہ مہرین نے 1160 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ آرٹس گروپ میں زینب بی بی نے 1131 نمبرز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

دوسری جانب تعلیمی بورڈ پشاور کے مطابق نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 97 ہزار 950 طلبہ نے حصہ لیا۔ ان میں 39 ہزار 103 طلبہ کامیاب قرار پائے، جبکہ 57 ہزار 847 طلبہ کو دسویں جماعت میں پروموٹ کر دیا گیا۔ نویں جماعت میں مجموعی پاس اور پروموشن کا تناسب 99 فیصد رہا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور بورڈ نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا

پشاور بورڈ کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات میں 95 ہزار 496 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 66 ہزار 988 طلبہ کامیاب جبکہ 27 ہزار 788 طلبہ ناکام قرار پائے۔ بورڈ انتظامیہ کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 70.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

دونوں تعلیمی بورڈز نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Scroll to Top