رانی عندلیب ، سلمان یوسفزئی
پشاور: تعلیمی بورڈ پشاور نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنز طالبات نے اپنے نام کیں، جبکہ آرٹس اور خصوصی (اسپیشل) کیٹیگری میں بھی نمایاں طلبہ نے شاندار کامیابی حاصل کی۔
بورڈ انتظامیہ کے مطابق سائنس گروپ میں عمامہ علی نے 1182 نمبرز حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ سیدہ عتیقہ نے 1178 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ حریم خان نے 1177 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
آرٹس گروپ میں محمد ابوذر نے 1088 نمبرز حاصل کرکے پہلی، سائرہ ظفر نے 1074 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ محمد شیخ ہمدان نے 1062 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
خصوصی (اسپیشل) بچوں کی کیٹیگری میں محمود ایاز نے 1060 نمبرز حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، رابعہ بی بی 1052 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ محمد آذان خان نے 1050 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بورڈ انتظامیہ کے مطابق نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 97 ہزار 950 طلبہ نے شرکت کی۔ ان میں 39 ہزار 103 طلبہ کامیاب قرار پائے، جبکہ 57 ہزار 847 طلبہ کو دسویں جماعت میں پروموٹ کر دیا گیا۔ نویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 99 فیصد رہا۔
یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بے ضابطگیوں پر اینٹی کرپشن کی اوپن انکوائری شروع
دوسری جانب دسویں جماعت کے امتحانات میں 95 ہزار 496 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 66 ہزار 988 طلبہ کامیاب جبکہ 27 ہزار 788 طلبہ ناکام قرار پائے۔ دسویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 70.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
بورڈ انتظامیہ نے کامیاب ہونے والے تمام طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی تعلیمی کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔





