پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی والدہ انتقال کرگئیں، سیاسی رہنماؤں اور کارکنان کا اظہارِ افسوس

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان کی والدہ انتقال کرگئیں۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھیں اور آج اپنے آبائی علاقے ضلع بونیر میں انتقال کرگئیں۔

بیرسٹر گوہر خان نے والدہ کے انتقال کی اطلاع سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام کے ذریعے دی۔ انہوں نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ ان کی نہایت محترم، شفیق اور پیاری والدہ انتقال فرما گئی ہیں۔

بیرسٹر گوہر خان کے مطابق مرحومہ کی نماز جنازہ آج ہفتے کے روز شام 4 بجے ضلع بونیر کے گاؤں ڈگر میں ادا کی جائے گی۔

والدہ کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے بیرسٹر گوہر خان اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہارِ افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل میں ملوث ملزمہ گرفتار

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے مدینہ منورہ میں مرحومہ کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ان کی ہمدردیاں بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیاسی رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنان کی جانب سے بھی بیرسٹر گوہر خان سے والدہ کے انتقال پر اظہارِ افسوس اور تعزیت کی جا رہی ہے۔

پارٹی کارکنان نے غم کی اس گھڑی میں بیرسٹر گوہر خان اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔

مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بیرسٹر گوہر خان اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top