شہدا اور غازیوں کے لیے سول اعزازات کی منظوری، 78 نام فہرست میں شامل

اسلام آباد: وطن عزیز کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا اور شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کے لیے سول اعزازات دینے کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 78 افراد کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں شہدا اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے مختلف کیٹیگریز میں 78 افراد کے لیے سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی قومی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غم کی اس مشکل گھڑی میں بیرسٹر گوہر اور اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز اپنے شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کا احسان مند ہے، جبکہ شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

چاروں صوبوں کے نمائندوں نے بھی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

Scroll to Top