مالی سال 2025-26، خیبرپختونخوا میں 314 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز خرچ

پشاور: خیبرپختونخوا میں مالی سال 2025-26 کے اختتام تک ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 314 ارب 15 کروڑ 63 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جن میں بڑا حصہ صوبائی حکومت کے اپنے وسائل سے استعمال کیا گیا۔

محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبرپختونخوا کے اعداد و شمار کے مطابق بندوبستی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 244 ارب 50 کروڑ 57 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ ان اخراجات میں صوبائی حکومت کے اپنے وسائل سے 191 ارب 77 کروڑ 81 لاکھ روپے جبکہ غیر ملکی معاونت سے 52 ارب 72 کروڑ 76 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ضم شدہ اضلاع کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 25 ارب 80 کروڑ 78 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جن میں حکومت کے اپنے وسائل سے 23 ارب 2 کروڑ 4 لاکھ روپے جبکہ غیر ملکی وسائل سے 2 ارب 6 کروڑ 73 لاکھ روپے استعمال ہوئے۔

اسی طرح تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت 44 ارب 56 کروڑ 28 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جو صوبائی اور وفاقی حکومت کے وسائل سے فراہم کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے مطابق مجموعی 314 ارب 15 کروڑ 63 لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات میں 259 ارب 36 کروڑ 14 لاکھ روپے صوبے کے اپنے وسائل جبکہ 54 ارب 79 کروڑ 49 لاکھ روپے غیر ملکی وسائل سے خرچ کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبائی سطح کے منصوبوں کیلئے 95 ارب 40 کروڑ روپے جاری کیے گئے، جبکہ ضم شدہ اضلاع کیلئے 39 ارب 67 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

اضلاع کی سطح پر پشاور میں سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز خرچ کیے گئے، جہاں مجموعی طور پر 18 ارب 53 کروڑ روپے کے ترقیاتی اخراجات ریکارڈ کیے گئے۔

Scroll to Top