عالمی مارکیٹ میں جمعرات کے روز سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی، تاہم امریکی مہنگائی کے نرم اعداد و شمار نے قیمتی دھات کی قیمت کو سہارا دیا۔ ایک روز قبل سونا دو ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.02 فیصد کمی کے بعد 4,407.78 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق امریکی افراطِ زر کے نسبتاً نرم اعداد و شمار کے باعث فیڈرل ریزرو پر قلیل مدت میں شرح سود بڑھانے کا دباؤ کم ہوا ہے، جس سے سونے کی قیمت کو سپورٹ ملی۔
یہ بھی پڑھیں : روپے نے ڈالر کو پھر مات دے دی، قیمت مزید گر گئی
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 65.47 ڈالر فی اونس رہی۔ اس کے برعکس پلاٹینم 0.4 فیصد کمی کے بعد 1,749.70 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 0.5 فیصد کمی کے بعد 1,362.10 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔
بدھ کے روز سونے کی قیمت میں تقریباً 0.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ تقریباً 4,450 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی۔ یہ سطح دو ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح تھی، تاہم بعد ازاں سونے کی قیمت میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی۔





