اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے کنسولیڈیٹڈ اشتہار فیز تھری 2026 کے تحت ملک بھر کے مختلف وفاقی محکموں اور وزارتوں میں 524 نئی آسامیوں کا اعلان کردیا ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق ان آسامیوں کے لیے امیدوار 21 اگست 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں، جبکہ تحریری امتحانات کا آغاز 10 اکتوبر 2026 سے متوقع ہے۔
اعلان کردہ آسامیوں میں بی ایس 16 سے بی پی ایس 20 تک کے مختلف عہدے شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 98 سیکنڈری اسکول ٹیچر (مرد) بی ایس 17 کی آسامیاں فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ڈائریکٹوریٹ میں رکھی گئی ہیں۔
کمپیوٹر کے شعبے میں 27 کمپیوٹر انسٹرکٹر (مرد) اور 14 کمپیوٹر انسٹرکٹر (خواتین) کی آسامیاں بھی اعلان کا حصہ ہیں۔
صحت کے شعبے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں 70 چارج نرس بی ایس 16 اور 50 میڈیکل آفیسر بی ایس 17 کی آسامیاں شامل ہیں۔
دیگر نمایاں آسامیوں میں گلگت بلتستان میں 29 لیکچرر (مرد)، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس میں 23 انسپکٹر بی ایس 16 اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں 22 سپرنٹنڈنٹ بی ایس 16 کی پوسٹس شامل ہیں۔
ان آسامیوں میں وزارتِ دفاع، وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات، وزارتِ قومی صحت کی خدمات، بورڈ آف انویسٹمنٹ، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف وفاقی ادارے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ بدلنے کی تیاری؟ وزیراعظم کو اہم سمری ارسال
ملک بھر سے امیدوار اپنے متعلقہ ڈومیسائل اور کوٹے کے مطابق ان آسامیوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدواروں کو درخواستیں صرف ایف پی ایس سی کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کاغذی یا دستی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
درخواست فیس کے حوالے سے بی ایس 16 اور بی ایس 17 کی آسامیوں کے لیے 600 روپے، بی ایس 18 کے لیے 1500 روپے، بی پی ایس 19 کے لیے 2500 روپے جبکہ بی پی ایس 20 یا اس سے اوپر کے عہدوں کے لیے 3000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ فیس آن لائن پورٹل کے ذریعے جنریٹ ہونے والے پی ایس آئی ڈی کے تحت ادا کی جائے گی۔
ایف پی ایس سی کا یہ اعلان تعلیم، صحت، آئی ٹی، انجینیئرنگ، میٹرولوجی اور انتظامی شعبوں سے وابستہ امیدواروں کے لیے سرکاری ملازمت کے نئے مواقع فراہم کرتا ہے۔ امیدواروں کو مقررہ تاریخ سے قبل درخواست جمع کرانے اور تحریری امتحان کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





