پشاور: 100 روپے کے پرائز بانڈ رکھنے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اگلی قرعہ اندازی پیر، 17 اگست کو ملتان کے نیشنل سیونگز سینٹر میں ہوگی۔
نیشنل سیونگز سینٹر کی جانب سے 100 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی نمبر 55 منعقد کی جائے گی، جس میں بانڈ ہولڈرز کو نقد انعامات جیتنے کا موقع ملے گا۔
قرعہ اندازی میں پہلا انعام 7 لاکھ روپے مقرر ہے، جو ایک خوش نصیب فاتح کو دیا جائے گا، جبکہ دوسرے انعام کے 3 فاتحین کو 2 لاکھ روپے فی کس ملیں گے۔
اسی طرح متعدد بانڈ ہولڈرز 1 ہزار روپے کا تیسرا انعام بھی جیت سکیں گے۔
قرعہ اندازی کے بعد نیشنل سیونگز سینٹر کی جانب سے کامیاب نمبروں کی مکمل فہرست جاری کی جائے گی، جس کے بعد بانڈ ہولڈرز اپنے نمبرز چیک کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار شہید
100 روپے کے پرائز بانڈ پاکستانی شہری نیشنل سیونگز سینٹرز اور ملک بھر میں مخصوص کمرشل بینکوں سے حاصل کرسکتے ہیں۔ پرائز بانڈ میں سرمایہ کاری کی گئی رقم محفوظ رہتی ہے اور بانڈ ہولڈر اسے کسی بھی وقت اس کی اصل مالیت پر کیش کراسکتا ہے۔
پرائز بانڈ سے حاصل ہونے والی انعامی رقم پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہوتا ہے۔ 2026 کے ٹیکس سال کے لیے ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ (ATL) میں شامل فائلرز سے انعامی رقم پر 15 فیصد جبکہ نان فائلرز سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
قانون کے تحت سیکشن 156 کے تحت کٹوتی کیا جانے والا ٹیکس حتمی تصور ہوتا ہے، جسے دیگر قابلِ ٹیکس آمدن کے خلاف ایڈجسٹ یا ریفنڈ نہیں کیا جاسکتا۔





