فیراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی نے نیلامی میں ریکارڈ توڑ دیا، 40 ملین ڈالر میں فروخت

Pakistan SCO Summit 2026

کیلیفورنیا: معروف اطالوی کار ساز کمپنی فیراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی لوس نے نیلامی میں حیران کن قیمت حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

مونٹیری کار ویک کے دوران سوتھبیز کی چیریٹی نیلامی میں خصوصی طور پر تیار کی گئی فیراری لوس 4 کروڑ ڈالر میں فروخت ہوئی، جس کے بعد یہ نیلامی میں فروخت ہونے والی اب تک کی سب سے مہنگی نئی گاڑی بن گئی۔

فیراری کے مطابق لوس کی ریکارڈ قیمت نے گزشتہ سال قائم ہونے والا کمپنی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ 2025 میں فیراری کی خصوصی طور پر تیار کردہ ڈائٹونا SP3 گاڑی 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔

فیراری لوس کو کمپنی کے خصوصی Tailor Made پروگرام کے تحت تیار کیا گیا تھا۔ نیلامی میں پیش کی جانے والی گاڑی Chassis 0 تھی، جس میں منفرد Madreperla نیم چمکدار پینٹ، خصوصی ڈیزائن کے پہیے اور منفرد بریک کیلیپرز شامل کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کی پریمیم وائرلیس ہیڈ فونز کی مارکیٹ میں واپسی کی تیاریاں

فیراری کی اس مکمل الیکٹرک گاڑی میں چار الیکٹرک موٹرز نصب ہیں، جو مجموعی طور پر تقریباً 1,050 ہارس پاور پیدا کرتی ہیں۔ گاڑی صرف تقریباً 2.5 سیکنڈ میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

لوس کو فیراری کے روایتی دو نشستوں والے اسپورٹس ماڈلز کے برعکس پانچ افراد کی گنجائش کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جس میں کارکردگی کے ساتھ آرام اور روزمرہ استعمال کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

گاڑی کے اندرونی حصے میں اعلیٰ معیار کے پریمیم میٹریلز اور لیدر استعمال کیے گئے ہیں، جبکہ کیبن میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فیراری کے روایتی ڈرائیونگ تجربے کو برقرار رکھنے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔

یہ ریکارڈ نیلامی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب فیراری کو اپنی الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق بعض حلقوں کی تنقید کا سامنا بھی رہا ہے، تاہم لوس کی غیر معمولی قیمت نے ایک بار پھر فیراری برانڈ کی مقبولیت اور منفرد گاڑیوں کی عالمی طلب کو نمایاں کردیا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top