وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب، ترکیہ، اٹلی اور کویت سے ڈی پورٹ کیے جانے والے 10 پاکستانی شہریوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ۔
اسلام آباد: ترکیہ سے واپس بھیجے گئے 6 افراد پر غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کا الزام ہے،اٹلی، کویت اور سعودی عرب سے آنے والے مسافروں پر غیر قانونی داخلے اور ویزا مدت ختم ہونے کے باوجود رہنے (اوور اسٹے) کے الزامات ہیں۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے پاسپورٹ، سفری دستاویزات اور موبائل فونز قبضے میں لے لیے ہیں،ابتدائی تفتیش کے مطابق ان مسافروں نے غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک جانے کے لیے ایجنٹس کو لاکھوں روپے دیے تھے۔
گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے پیچھے موجود ایجنٹس تک بھی پہنچا جا سکے۔





