ایران جنگ نہیں چاہتا، ہر جارحیت کے خلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا، صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں اور نہ ہی اس نے جنگ شروع کی، تاہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی صدر کے مطابق ایرانی قوم کو کسی بھی طاقت کے ذریعے ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ ایران دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گا اور اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے پوری قوت سے کھڑا ہوگا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ جنگ چاہتا ہے، تاہم اگر کوئی فریق جارحیت کرے گا تو ایران اس کے خلاف مزاحمت کرے گا۔

ایرانی صدر نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کو ایران کی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور استحکام کا آغاز خطے سے ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا، ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کا سفارتی کردار جاری، دفتر خارجہ

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے بات چیت اور تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امن کا خواہاں ہے، لیکن دباؤ، دھمکیوں یا جارحیت کے سامنے اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Scroll to Top