ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مسلم دنیا میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کو دیوار کی اینٹوں کی طرح متحد ہونا ہوگا۔
صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ اسلامی دنیا میں مضبوط اتحاد کا خواہاں ہے اور دنیا میں اتحاد کو مضبوط بنانے اور اختلافات کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان صدیوں تک تاریخ بناتے رہے اور دنیا میں مختلف نظام قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ موجودہ دور میں بھی مسلم دنیا کو اپنے اتحاد اور اجتماعی قوت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت حق و باطل کے درمیان ایک تاریخی جدوجہد کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ ان کے بقول اس جدوجہد میں بالآخر حق غالب آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ نہیں چاہتا، ہر جارحیت کے خلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا، صدر مسعود پزشکیان
ترک صدر نے مزید کہا کہ باہمی اختلافات کو کم کرکے اتحاد، یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ مسلم ممالک کے درمیان مضبوط روابط خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔





