ٹیم اچھا نہیں کھیلے گی تو ذمہ داری لوں گا، کوچ سرفراز احمد

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ سرفراز احمد نے ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ٹیم اچھا پرفارم نہیں کرتی تو اس کی ذمہ داری کوچنگ مینجمنٹ پر بھی عائد ہوتی ہے اور وہ اپنی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سیریز کے اختتام پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور جو بھی فیصلے کرنے ہوں گے، وہ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باوجود انہیں امید ہے کہ قومی ٹیم آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ اس وقت ٹیم کو فاسٹ بولنگ کے شعبے میں مسائل کا سامنا ہے اور مطلوبہ معیار کے نئے فاسٹ بولرز سامنے نہیں آ رہے۔ تاہم ٹیم مینجمنٹ دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین کمبی نیشن تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنی جانب سے بھرپور محنت کر رہے ہیں، تاہم اہم مواقع پر کیچز ڈراپ ہونے سے ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا۔ اگر یہ مواقع ضائع نہ ہوتے تو میچ کی صورتحال مختلف ہوسکتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: تیسرے روز کا کھیل ،بارش کی آنکھ مچولی، انگلینڈ کی 357 رنز کی برتری

دوسری جانب قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو انگلینڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن آج لاہور سے لندن روانہ ہوں گے، جہاں انہیں لارڈز میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران ٹیم کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کی موجودہ کارکردگی اور کوچنگ مینجمنٹ کے حوالے سے سیریز کے اختتام پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔

Scroll to Top