پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کیلئے 2 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے مزید 50 بسیں خرید لی ہیں، جن میں سے 25 نئی بسیں پشاور پہنچ گئی ہیں جبکہ باقی بسیں مرحلہ وار پہنچائی جائیں گی۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کے مطابق بی آر ٹی کی مزید 25 بسیں اگلے مرحلے میں پشاور پہنچیں گی، جبکہ ان میں سے 2 بسیں کمپنی کی جانب سے تحفے کے طور پر دی گئی ہیں۔
مزمل اسلم نے بتایا کہ نئی بسوں کی آمد کے بعد بی آر ٹی بسوں کی تعداد 244 سے بڑھ کر 269 ہوگئی ہے، جبکہ تمام نئی بسیں پہنچنے کے بعد مجموعی تعداد 296 ہوجائے گی۔
مشیر خزانہ کے مطابق پشاور بی آر ٹی کا روٹ 27 کلومیٹر طویل ہے اور تمام نئی بسوں کی آمد کے بعد یہاں 296 بسیں چلیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میٹرو کا روٹ 28 کلومیٹر ہے، جہاں صرف 64 بسیں چل رہی ہیں، جبکہ ملتان میٹرو 18.7 کلومیٹر روٹ پر 43 بسوں اور راولپنڈی اسلام آباد میٹرو 83 کلومیٹر روٹ پر 99 بسوں سے چل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس نے بین الصوبائی مبینہ ڈکیت گینگ کو نشانہ بنا لیا، 4 ارکان ہلاک، سی سی پی او پشاور
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی آبادی پشاور کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے، تاہم گرین لائن پر صرف 80 بسیں چل رہی ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب کی 13 کروڑ آبادی کیلئے میٹرو بسوں کی تعداد 107 ہے، جبکہ کراچی، پنجاب اور اسلام آباد میں میٹرو بسوں کی مجموعی تعداد 286 بنتی ہے۔
دوسری جانب ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کی موجودہ 244 بسوں میں سے 5 بسیں خواتین کیلئے مختص کی جائیں گی۔ پنک بسوں کے روٹس سے متعلق تفصیلات بھی جلد مکمل کرلی جائیں گی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی میں بسوں کی کمی پوری کرنے کیلئے صوبائی حکومت کو 100 بسیں خریدنے کی سفارش کی گئی تھی، جن میں 50 ڈیزل ہائبرڈ اور 50 الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔
صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پہلے مرحلے میں 50 ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریدی جانی تھیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 50 الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی۔ بسوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 3 ارب 20 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔





