بی آئی ایس پی کی سرکاری گاڑیوں پر 5 برس میں کروڑوں کا ایندھن خرچ

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی بیوروکریسی نے گزشتہ 5 برسوں کے دوران سرکاری گاڑیوں کے لیے لاکھوں لیٹر ایندھن استعمال کرلیا، جس کے اخراجات کروڑوں روپے بنتے ہیں۔

پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق بی آئی ایس پی کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی تعداد 75 ہے، جن کے لیے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 8 لاکھ 10 ہزار لیٹر سے زائد ایندھن خرچ کیا گیا۔

دستاویز کے مطابق بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں 28 گاڑیاں، پنجاب میں 12، سندھ میں 17، خیبر پختونخوا میں 7، بلوچستان میں 6 جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 5 گاڑیاں زیر استعمال ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کیلئے نئی بسیں خرید لیں، بسوں کی تعداد 296 ہوجائے گی

رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں اسلام آباد ریجن کی گاڑیوں نے 4 لاکھ 2 ہزار 400 لیٹر ایندھن استعمال کیا، جبکہ پنجاب ریجن کی گاڑیوں نے 1 لاکھ 788 لیٹر ایندھن خرچ کیا۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سندھ ریجن کی گاڑیوں نے پانچ برس کے دوران 18 لاکھ 28 ہزار 850 لیٹر فیول استعمال کیا، جس کے اخراجات کروڑوں روپے بنتے ہیں۔

پارلیمانی رپورٹ میں بی آئی ایس پی کی سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور ایندھن کے اخراجات سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کے بعد سرکاری وسائل کے استعمال کے حوالے سے سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔

Scroll to Top