کوئٹہ : کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف تاجر صلاح الدین نورزئی جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش کا آغاز کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ میں ائیرپورٹ پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں تاجر صلاح الدین نورزئی مسجد سے نماز کی ادائیگی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ گولیاں لگنے سے صلاح الدین نورزئی شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں : خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، شمالی وزیرستان میں 15 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ فائرنگ کے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مقتول کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی طور پر فائرنگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی، جبکہ تاجر برادری اور مقتول کے اہلخانہ نے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔





