محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف بالائی اور میدانی علاقوں میں آئندہ 12 سے 36 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
بالائی علاقوں میں اثرانداز ہونے والی مغربی ہواؤں کی لہر اور بحیرہ عرب و خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہواؤں کے باعث بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع بشمول ایبٹ آباد، باجوڑ، بنوں، بونیر، چارسدہ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات، دیر، مانسہرہ، ملاکنڈ، کوہاٹ، کرم اور وزیرستان میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ متوقع ہے۔
پہاڑی علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خوشاب، لاہور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، نارووال، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور نارووال کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ،صارفین کیلئے بری خبر
اس کے علاوہ مری، گلیات اور پوٹھوہار کے علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہےجبکہ گلگت بلتستان کے بعض مقامات اور بلوچستان کے اضلاع موسل، شیرانی اور ژوب میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔





