خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے کی پہلی جامع ٹرانسپورٹ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے کی پہلی جامع ٹرانسپورٹ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ

Pakistan SCO Summit 2026

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خط استوار کرنے اور عوام کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبے کی پہلی جامع ’’ٹرانسپورٹ پالیسی 2026‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں پشاور میں ڈرافٹ پالیسی پر ایک اہم مشاورتی سیشن منعقد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری اداروں اور محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مشاورتی سیشن سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ سمیع اللہ خان نے کہا کہ یہ پالیسی صوبے کے ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی، جسے کابینہ کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نظام کی بہتری کے لیے عوام اور تمام سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو بھرپور طریقے سے شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس مقصد کے تحت کئی اہم منصوبوں پر کام جاری ہے، سرکلر ریلوے کے فروغ کے لیے وفاقی وزارتِ ریلوے کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو چکے ہیں، جبکہ صوبے میں الیکٹرک بائیکس کا منصوبہ بھی لایا جا رہا ہے جس سے بالخصوص خواتین اور طالبات کو آمدورفت میں بڑی آسانی ہوگی۔

پشاور میں الیکٹرک بائیکس کے پہلے مرحلے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جنہیں بعد میں دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی، اس کے علاوہ پشاور شہر کے لیے جامع ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے ایک واضح روڈ میپ فراہم کرے گی، جسے وزیرِ اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کے بعد “الیکٹرک وہیکلز پالیسی” پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔

ڈرافٹ پالیسی کے خدوخال کے مطابق اس کا بنیادی مقصد ہر طبقے کو محفوظ اور قابلِ رسائی ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے، پالیسی میں خواتین، خصوصی افراد اور محروم طبقات کے لیے جامع سفری سہولیات کو نمایاں جگہ دی گئی ہے، اس کے علاوہ مختلف ذرائع آمدورفت کے مابین مؤثر رابطہ کاری، مال برداری و لاجسٹکس کے لیے جدید انفراسٹرکچر کا فروغ، علاقائی تجارتی راہداریوں کی مضبوطی اور شعبے میں ڈیجیٹل نظام اور شفاف حکمرانی کو یقینی بنانا اس کا اہم حصہ ہے۔

مشاورتی سیشن کے دوران کنسلٹنٹ ڈاکٹر سید اختر علی شاہ نے پالیسی کے مقاصد اور اہم خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر شرکاء اور سٹیک ہولڈرز نے اپنی قیمتی آراء اور تجاویز پیش کیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top