ضلع مانسہرہ اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی اور دریائے سرن و کنہار میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مسلسل بارشوں سے وادی ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک، پٹاکنڈی، بابوسر ٹاپ، بیسر اور جلکھڈ سمیت بالائی پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارشوں کا یہ سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
بارشوں کے باعث کلاؤڈ برسٹ، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی
ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، آب گزرگاہوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ علاقوں سے دور رہیں اور موجودہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔





