قانونی سونے کی نقل و حرکت پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ، جیولرز کو خصوصی کارڈ جاری ہوں گے

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: صوبے میں قانونی طور پر سونے کی نقل و حرکت پر عائد پابندی ختم کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ سونے کا کاروبار کرنے والے افراد کو نقل و حمل کے لیے پرمٹ یا این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور جیولرز یونین کی جانب سے مشترکہ طور پر سونے کا کاروبار کرنے والے جیولرز کو خصوصی کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

خصوصی کارڈ رکھنے والے کاروباری افراد کو صوبے کے مختلف اضلاع میں قانونی سونے کی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی، جبکہ کارڈ کے بغیر سونا منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کارڈ میں سکیورٹی کے جدید فیچرز شامل ہوں گے تاکہ اس کی تصدیق اور شناخت آسانی سے کی جاسکے۔ کسی کارڈ کو مشکوک قرار دیے جانے کی صورت میں متعلقہ صوبے کے سربراہ سے رابطہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے محکموں کو ہدایات جاری

صوبائی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے قانون سازی کے عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ حکام کو بھی مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کسٹمز، ایکسائز اور پولیس سمیت کوئی بھی متعلقہ محکمہ قانونی طور پر سونے کا کاروبار کرنے والے بڑے کاروباری افراد کو بلاجواز نہیں روک سکے گا۔

اس سلسلے میں ایف بی آر حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے، جبکہ صوبے میں جیولرز ایسوسی ایشن کے ممبران کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ قانونی سونے کی نقل و حرکت کے لیے خصوصی کارڈ کے اجرا کا عمل مکمل کیا جاسکے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top