ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو لگام دینے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں اور مارکیٹ میں امریکی مداخلت خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا رخ موڑنے میں ناکافی ثابت ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے امریکی کوششوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ خزانہ تیل کی قیمتیں نیچے لانے کے لیے اپنے تمام تر حربے آزما رہا ہے، لیکن اس کے باوجود منڈی میں قیمتوں کے اوپر جانے کا رجحان برقرار رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے ترکش میں موجود ہتھیاروں میں منڈی میں کھلم کھلا مداخلت، اسٹریٹجک تیل کے ذخائر کا اجراء اور میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر گمراہ کن خبریں پھیلانا شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو پَر لگ گئے
ایرانی سپیکر نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ امریکا ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روک نہیں سکے گا، لہٰذا اب آئندہ ہونے والی صورتحال پر ایسے حیرت کا اظہار کریں جیسے آپ کو کچھ معلوم ہی نہ ہو۔





