اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی حاصل کرنے کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ اسکیم کے تحت 2 ویلر، 3 ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 2 اور 3 ویلر گاڑیوں کے لیے 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔
شزا فاطمہ کے مطابق فیول سبسڈی پروگرام دو مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں رجسٹریشن کرانا ہوگی، جس کے لیے صارف اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل سم سے REG، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا حرف اور بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر بھیجے گا۔
PM Fuel Relief Scheme | Registration Process
A step-by-step guide to registering for the Prime Minister’s Fuel Relief Scheme. 🎥⬇️ pic.twitter.com/Rm7160mL3F— Ministry of IT & Telecom (@MoitOfficial) September 14, 2026
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد پٹرول حاصل کرتے وقت صارف کو TOK لکھ کر 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا ٹوکن پٹرول پمپ پر دکھا کر سبسڈی حاصل کی جاسکے گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے شہریوں کو خبردار کیا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی ذاتی ڈیٹا کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہریوں سے نہ کوئی اضافی ڈیٹا طلب کرے گی اور نہ ہی کسی قسم کے چارجز وصول کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ہوائی سفر مزید مہنگا ہونے کا خدشہ! حکومت نے جیٹ فیول کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا، نئی قیمت سامنے آگئی
حکومت کے مطابق اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے جبکہ ملک بھر، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے پیٹرول پر ریلیف حاصل کرسکیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ہفتے میں ایک بار فیول سبسڈی حاصل کرسکیں گے جبکہ سبسڈی کے حصول کے لیے پٹرول پمپ پر شناختی کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے مستحق افراد کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا اجرا کیا ہے، جس کا مقصد تیل کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9771 سے موصول ہونے والا ٹوکن پٹرول پمپ پر دکھانا ہوگا، جبکہ اس نوعیت کا نظام پہلی مرتبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اسکیم کا اجرا کیا ہے۔





