محمد اعجاز آفریدی
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) خیبرپختونخوا کے دفتر سے صوبے بھر کی پولیس قیادت، بشمول تمام پولس یونٹ ہیڈز، سی سی پی او پشاور، تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے نام ایک اہم مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
یہ مراسلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رٹ پٹیشن نمبر 4421/2026 کے واضح فیصلے کی من و عن تعمیل یقینی بنانے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
آئی جی آفس سے جاری احکامات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کا کوئی بھی افسر یا اہلکار اسلام آباد کی جانب جانے والے کسی بھی سیاسی مارچ، ریلی یا جلوس کے لیے معاونت فراہم کرنے کے کسی بھی حکم پر عمل نہیں کرے گا۔ اگر کسی بھی اہلکار پر کسی سیاسی رہنما یا اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے ایسا کرنے کا دباؤ ڈالا جائے یا لالچ دیا جائے تو وہ فوری طور پر چیف سیکرٹری یا آئی جی پولیس کو باخبر کرے گا۔
مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی صورت سرکاری وسائل، فنڈز، پولیس کی گاڑیوں، مشینری یا دیگر سامان کو مارچ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئی جی آفس نے واضح کیا ہے کہ عدالتی احکامات یا ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد: پی ٹی آئی مارچ کے لیے سرکاری افسران اور وسائل کے استعمال پر پابندی عائد
پولیس افسران کو نادیدہ دباؤ یا زبردستی کی شکایت درج کرانے کے لیے آئی جی آفس کی جانب سے 24 گھنٹے فعال ٹول فری ہیلپ لائن (00400-0800) اور آپریشنز برانچ کا رابطہ نمبر (9210457-091) بھی فراہم کیا گیا ہے۔





