فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے منسوخ شدہ قومی شناختی کارڈز غیر قانونی طور پر بحال کرنے والے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم آفتاب نے 51 افغان شہریوں کے بلاک اور منسوخ شدہ شناختی کارڈز کو سسٹم میں دوبارہ فعال کرنے کے عوض 12 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور رشوت وصول کی۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے ملزم کی نشان دہی پر اس کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر 19 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کر لی۔
تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم نے کرپشن اور رشوت کے ذریعے حاصل کی گئی رقم کا بڑا حصہ حویلیاں اور اسلام آباد کے مہنگے سیکٹر G-15 میں قیمتی پلاٹوں کی خرید و فروخت میں لگایا۔
ایف آئی اے اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ تمام جائیدادوں اور پلاٹوں کی دستاویزات اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سونے اور چاندی کی قیمتوں میں 3 روزہ وقفے کے بعد اضافہ
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک اور سہولت کاری میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔





