پشاور: ایل آر ایچ سے اغوا ہونے والا نومولود بچہ بازیاب

رانی عندلیب
خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کے گائنی وارڈ سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والا نومولود بچہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت بازیاب کر لیا ہے۔

گزشتہ روز ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر سے تعلق رکھنے والے حشمت خان کا نومولود بچہ ایل آر ایچ کے گائنی وارڈ سے ایک نامعلوم خاتون مبینہ طور پر اٹھا کر لے گئی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ خان رازق شہید پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا۔

پولیس نے جدید سائنسی خطوط اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور بالآخر نوشہرہ کے علاقے پبی سے بچے کو بحفاظت برآمد کر لیا۔ 

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان اپر:  تلخ کلامی پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، بیٹا شدید زخمی

پولیس نے واقعے میں ملوث مبینہ خاتون کو بھی گرفتار کر کے حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف قانونی تفتیش شروع کر دی ہے تا کہ اغوا کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔

Scroll to Top