پٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ

بجلی پھر مہنگی: فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 11 پیسے کا اضافہ

 نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے لیے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ اگست کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کی مد میں کیا گیا ہے، جس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا۔ اس اضافے کی وصولی اکتوبر کے ماہانہ بجلی کے بلوں کے ذریعے کی جائے گی۔ 

ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے صارفین پر مجموعی طور پر تقریباً 19 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ 

نوٹیفکیشن میں لائف لائن صارفین کو اس اضافے سے مکمل طور پر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے اور ان پر اضافی چارجز کا اطلاق نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کے بحران نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے، اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے مطابق مجموعی شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اڈیالہ جیل روالپنڈی میں گنجائش سے زائد قیدیوں کا اعتراف

 متعدد پاور پلانٹس کے سسٹم سے نکلنے اور ہائیڈل پیداوار میں کمی کے باعث لیسکو میں بھی طلب 4 ہزار جبکہ رسد 3 ہزار میگاواٹ رہ گئی ہے۔ اس بڑھتے ہوئے شارٹ فال کی وجہ سے شہروں اور دیہاتوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی شدید لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔

Scroll to Top