ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ڈیری سیکٹر میں 55 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری اور جدید پیداواری سہولیات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے فیصل آباد میں جدید ڈیری پروسیسنگ پلانٹ کے قیام کے لیے 55 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت پاکستان کی کمپنی انٹرلوپ ہولڈنگز اور ترکیہ کی کمپنی ریلا گِدا مشترکہ طور پر جدید ڈیری پروسیسنگ پلانٹ قائم کریں گی۔

 اس منصوبے کا مقصد دودھ سے تیار ہونے والی مصنوعات کی مقامی سطح پر پیداوار اور جدید پراسیسنگ کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

مجوزہ پلانٹ میں پنیر، مکھن اور وہے پروٹین تیار کی جائے گی، جس سے ڈیری مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملنے اور مقامی صنعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو وسعت دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیاں، پانچ ہفتوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں واضح کمی ریکارڈ

منصوبے کے فعال ہونے کے بعد کمپنی کی سالانہ دودھ پراسیسنگ کی صلاحیت بڑھ کر 180 ملین لیٹر تک پہنچ جائے گی۔ اس پیش رفت سے پاکستان میں ڈیری سیکٹر کی پیداواری استعداد میں اضافے کے ساتھ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔

اس منصوبے کو ملکی ڈیری صنعت کی ترقی، جدید پراسیسنگ کے فروغ اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top