خراب موسمی حالات اور سیلاب کے خدشے کے پیش نظر سری لنکا میں تمام سکول بند

خلیج بنگال میں جنم لینے والے شدید سمندری طوفان ’’ارناب‘‘ نے سری لنکا کے موسمی نظام کو تبا‌ہ کن حد تک متاثر کر دیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں شدید خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

خراب موسمی حالات، طوفانی بارشوں اور قدرتی آفات کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے طلبہ اور تدریسی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کے تمام سکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سری لنکا کی وزارتِ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ سکولوں کی بندش کا یہ قدم احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

تاہم وزارت نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ جنرل سرٹیفکیٹ آف ایجوکیشن (او لیول) کے امتحانات میں شامل آرٹس کے مضامین کے عملی امتحانات پر اس فیصلے کا اثر نہیں پڑے گا اور وہ اپنے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔

سری لنکا گزشتہ چند دنوں سے شدید اور غیر متوقع بارشوں کی زد میں ہے، جس کے باعث دریاؤں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرات پیدا ہو چکے ہیں۔

موسمیاتی اداروں نے کئی متاثرہ اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو بڑا دھچکا ! امریکی ایوان میں ایران جنگ فوری روکنے کی گونج!

موسمیاتی ماہرین کے مطابق خلیج بنگال میں موجود قوی سمندری طوفان ’’ارناب‘‘ اگرچہ براہِ راست ساحل سے ٹکرا نہیں رہا لیکن اس کے بالواسطہ اثرات نے پورے سری لنکا کے نظامِ زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ سمندر میں طوفانی لہروں اور تیز ہواؤوں کے باعث ماہی گیروں کو بھی کھلے سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

حکومتی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوامی حفاظت کے لیے مزید سخت اقدامات کی تیاری کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top