اسلام آباد: پاکستان ریلویز میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بڑے مواقع پیدا کر دیے گئے ہیں، جہاں بلوچستان کوٹے کے تحت مختلف شعبوں میں 829 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلویز میں گریڈ 1 سے 16 تک کی ان آسامیوں پر بھرتی کے احکامات جاری کیے۔
منصوبے کے مطابق ان میں سے 805 ملازمتیں کوئٹہ ڈویژن کے لیے مختص کی گئی ہیں جبکہ 24 آسامیوں پر بھرتی پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور کے لیے کی جائے گی۔
ان بھرتیوں میں صوبے کی خواتین اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے بلوچ خواتین کے لیے 10 فیصد اور اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مقامی امیدواروں کی سہولت کے لیے ان مخصوص نشستوں پر درخواست دہندگان کو تحریری امتحان اور اسکریننگ ٹیسٹ سے مکمل استثنیٰ فراہم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سرنڈر یا آخری انجام ! خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع کے لئے حکومت کا حتمی اعلان!
شائقین اور اہل امیدواروں سے درخواستیں نیشنل جاب پورٹل (NJP) کے ذریعے آن لائن طلب کر لی گئی ہیں، جنہیں جمع کرانے کی حتمی تاریخ 11 نومبر 2026ء مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے فارم کے ساتھ تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ، بلوچستان کا ڈومیسائل، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ سائز تصاویر لازمی اپ لوڈ کریں۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے حقوق کی پاسداری اور وہاں کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس بھرتی کے تمام مراحل کو 30 نومبر 2026ء سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ ریلوے حکام کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام تر عمل میں صرف اور صرف میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ حقداروں کو ان کا حق بلا تاخیر مل سکے۔





