رات کے اندھیرے میں بزدلانہ وار کرنے والے کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، ثمرہارون بلور

پشاور: جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ بازار اور عام آبادی پر افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کا انتہائی سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے افغان انتظامیہ کو آخری انتباہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق 27 اکتوبر کی رات افغان طالبان کی جانب سے انگور اڈہ کے مقامی بازار اور شہری آبادی پر مارٹر گولے داغے گئے، جس کے نتیجے میں ایک عام شہری جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔

گولہ باری سے مقامی دکانوں اور مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے دشمن کی اس کھلی جارحیت کا فوری، منہ توڑ اور کاری جواب دیتے ہوئے سرحد پار افغان طالبان کی چوکیاں تباہ کر دیں۔

واقعے پر اپنے مذمتی بیان میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاک فوج کے فوری اور فیصلہ کن اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاافغان طالبان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں! پاکستان اپنی خودمختاری اور شہریوں پر حملہ ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قربانیاں دی ہیں اور ہم دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ افواجِ پاکستان کو سرزمینِ پاک کے دفاع کے لیے پوری قوم کی کامل اور غیر متزلزل حمایت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انگور اڈہ واقعہ، افغان طالبان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی

اسی واقعے پر مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بھی اپنے سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے بزدلانہ حملہ آوروں کو للکارا، بزدلوں نے ایک بار پھر رات کے اندھیرے میں وار کیا ہے! دشمن یاد رکھے کہ انہیں اس ناپاک حرکت کے نتائج شدید بھگتنا ہوں گے۔

خیبر پختونخوا کے غیور عوام اور سیاسی قیادت ہر قسم کی سرحد پار جارحیت کے خلاف اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان طالبان کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کے خلاف ہر جارحانہ اقدام کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ نڈر عزم اور بھاری طاقت کے ساتھ دیا جائے گا۔

Scroll to Top