ملک کے 30 ہزار مدارس پر فضل الرحمان کا قبضہ، بغیر آڈٹ سالانہ اربوں کے فنڈز اور معصوم بچوں کے سیاسی استعمال کا سنسنی خیز انکشاف

اسلام آباد :پاکستان میں بغیر کسی حکومتی چیک اینڈ بیلنس کے چلنے والے ہزاروں غیر رجسٹرڈ مدارس، اربوں روپے کے پراسرار مالیاتی بہاؤ، اور ان کے ذریعے ہونے والی مبینہ سیاسی و نظریاتی ذہن سازی ملکی معیشت اور قومی سلامتی کے لیے ایک سنگین سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

سیکیورٹی و معاشی ماہرین نے فتنہ الخوارج کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے انکشافات کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ مدارس کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت فوری طور پر حکومتی دائرہ کار میں لانے اور ان کے فنڈز کا باقاعدہ آڈٹ کروانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

غیر رجسٹرڈ مدارس اور فضل الرحمان کا نیٹ ورک

موصولہ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں قائم تقریباً 40 ہزار مدارس میں سے 25 سے 30 ہزار مدارس بلاواسطہ یا بالواسطہ فضل الرحمان اور ان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے سیاسی یا نظریاتی کنٹرول میں آتے ہیں۔

ان میں سے ہزاروں کی تعداد میں ایسے مدارس بھی شامل ہیں جو فضل الرحمان کے اپنے خاندان، قریبی علمائے کرام، اور ضلعی و صوبائی عہدیداران کے زیرِ انتظام براہِ راست چل رہے ہیں، مگر تاحال انہیں کسی سرکاری ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں کروایا گیا۔

ایک اندازے کے مطابق ملک بھر کے کل مدارس میں سے 50 فیصد سے زائد مدارس کا کوئی باضابطہ اندراج یا سرکاری لائسنس موجود نہیں، جس کے باعث ان کے تدریسی نظام اور نظریاتی تحرک پر ریاست کا کوئی کنٹرول نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں : رات کے اندھیرے میں بزدلانہ وار کرنے والے کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، ثمرہارون بلور

70 ارب روپے سے زائد کی متوازی معیشت اور شفافیت کا فقدان

بین الاقوامی تحقیقی ادارے انٹرنیشنل کرائسز گروپ کی رپورٹ کے مطابق ان غیر رجسٹرڈ اور سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے مدارس کو ملنے والے سالانہ عطیات، زکوٰۃ، فطرانے اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر جمع کی جانے والی قربانی کی کھالوں سے حاصل ہونے والی رقم کا تخمینہ 70 ارب روپے سے زائد ہے۔

چونکہ ان مدارس کے مالی معاملات اور اکاؤنٹس کا کسی سطح پر سرکاری آڈٹ یا بینکنگ کنٹرول نہیں ہوتا، اس لیے یہ بات تاحال پردۂ خفا میں ہے کہ ان مدارس کو اتنی بڑی رقم کس مقصد کے لیے اور کن ذرائع سے فراہم کی جا رہی ہے؟ ملکی بینکنگ چینل سے باہر اتنی بڑی کیش کا بہاؤ کس حد تک غیر قانونی سرگرمیوں یا بلیک منی کا ذریعہ بن رہا ہے؟

معاشی ماہرین کے مطابق 70 ارب روپے سے زائد کی یہ بھاری رقم رسمی معیشت سے باہر رہ کر ملک کے مالیاتی نظام اور بینکنگ سیکٹر پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر رہی ہے۔

معصوم بچوں کی ذہن سازی اور سیاسی استعمال

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مدارس میں زیرِ تعلیم لاکھوں معصوم بچوں کو جدید سائنسی و تعلیمی علوم سے دور رکھ کر ان کی مخصوص سیاسی مقاصد کے لیے ذہن سازی کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انگور اڈہ واقعہ، افغان طالبان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی

مختلف سیاسی ریلیوں، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کے دوران ان طلبا کو نجی فورس یا افرادی قوت (Street Power) کے طور پر سڑکوں پر لایا جاتا ہے، جو نہ صرف ان بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے بلکہ ایک لمحہ فکریہ بھی ہے۔

فتنہ الخوارج کی سہولت کاری کے انکشافات اور سیکیورٹی خدشات

قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران حال ہی میں گرفتاریوں اور اعترافی بیانات نے ان تشویشناک حقائق کی مزید تصدیق کی ہے۔

فتنہ الخوارج کی سہولت کاری میں ملوث خود ساختہ مولوی ظفر یاب نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا تھا کہ اس نے بھی فضل الرحمان سے منسلک مدرسے سے ہی تعلیم حاصل کی تھی۔

اس قسم کے خطرناک انکشافات کے بعد سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ مدارس کا یہ بلا کنٹرول نظام اندرونی سلامتی اور امن و امان کے لیے انتہائی حساس ہو چکا ہے۔

Scroll to Top