وزیر پیٹرولیم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم بیان، طریقۂ کار واضح کردیا

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں بتایا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں اور فی الحال ایندھن کی اضافی بچت کے اقدامات کی ضرورت نہیں ہے۔

تحریری جواب کے مطابق حکومت درآمدی ایندھن اور ملکی ریفائنریوں کی پیداوار کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی برقرار رکھی جاسکے۔

ستمبر 2026 کے لیے پیٹرول کی طلب 6 لاکھ 92 ہزار ٹن متوقع تھی، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے 5 لاکھ 11 ہزار ٹن پیٹرول درآمد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق ستمبر 2026 میں ڈیزل کی درآمدات کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا، کیونکہ ملکی ذخائر اور ریفائنریوں کی متوقع پیداوار ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی تھی۔

قومی اسمبلی میں پیش کردہ تفصیلات کے مطابق 22 ستمبر 2026 تک ملک میں پیٹرول کے ذخائر تقریباً 3 لاکھ 95 ہزار ٹن تھے۔ بندرگاہوں اور سمندری حدود میں موجود جہازوں سمیت پیٹرول کی مجموعی دستیابی 5 لاکھ 6 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی، جو تقریباً 22 دن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی تھی۔

اسی طرح 22 ستمبر تک ڈیزل کے ذخائر 5 لاکھ 68 ہزار ٹن تھے، جو تقریباً 30 دن کی ضروریات کے برابر ہیں۔ وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ پیٹرول کی فروخت میں جولائی 2026 کے دوران گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 18 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اگست میں جولائی کے مقابلے میں فروخت تقریباً 9 فیصد کم ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : فائرنگ سے سپیشل برانچ پولیس اہلکار شہید، ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں سات کاروباری دنوں کی اوسط قیمت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) حکومت یا وزیراعظم کی منظوری کے بغیر روزانہ ایکس ڈپو قیمتیں جاری کرتی ہے۔

جواب میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے قیمتوں کے فرق سے متعلق کلیمز کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ ان کلیمز کی مجموعی مالیت 120 ارب 30 کروڑ روپے بتائی گئی، جبکہ اس رقم میں سے 53 ارب 80 کروڑ روپے ادا کیے جاچکے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم کے تحریری جواب کے مطابق موجودہ ذخائر، ملکی پیداوار اور درآمدات کی نگرانی کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی برقرار رکھی جارہی ہے اور فی الحال اضافی ایندھن بچت اقدامات کی ضرورت نہیں ہے۔

Scroll to Top