پشاور کے علاقے متنی میں سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک مشترکہ اور کامیاب کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
یہ کارروائی تھانہ متنی کی حدود میں عزہ خیل روڈ پر واقع آخون بابا قبرستان کے قریب عمل میں لائی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔
اطلاع ملنے پر فورسز نے فوری طور پر حکمت عملی طے کرتے ہوئے قبرستان کے اطراف میں گھات لگائی اور دہشت گردوں کو گھیر لیا۔
آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے تمام دہشت گردوں کی شناخت کر لی گئی ہے جن میں ریاض عرف حذیفہ، ذاکر عرف عدنان، اویس، منیب عرف لیوانے اور ابن امین عرف محمدی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے کے بعد علاقے کی تلاشی لی گئی تو دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد ہوا۔
برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک آر پی جی-7 لانچر، ایک راکٹ، دو آئی ای ڈیز، دو سب مشین گنز اور دو پسٹل سمیت بڑی تعداد میں گولہ بارود شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں :خاران میں حملہ ناکام!سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 5 ایئر ڈرونز ایک ساتھ مار گرائے
آپریشن کے دوران تمام سیکیورٹی اہلکار محفوظ رہے جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی نگرانی اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔





